لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وہ کام کیا جو دشمن کرنا چاہتا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ماضی میں ایسے اقدامات کیے جن سے ملک کو نقصان پہنچا۔ جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت ہمیشہ عوامی خدمت میں مصروف رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جا رہے ہیں۔ اور حلقے میں بنیادی سہولتوں کے مختلف منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی 12 سالہ حکومت نے صوبے کو ترقی دینے کے بجائے پیچھے دھکیل دیا۔ اور تحریک انتشار نے ایک بھی اسپتال پی کے ایل آئی جیسا نہیں بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑے بڑے منصوبے ن لیگ کی حکومتوں نے ہی مکمل کیے۔ اور ہر بڑے منصوبے پر نواز شریف کی تختی لگی ہوئی ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو کھنڈر بنا دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ایک بڑا مالیاتی اسکینڈل تھا۔ جبکہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن پراپیگنڈے میں ملوث رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مائنس ون پر نہیں آئی تو پوری پارٹی مائنس ہو گی، فیصل واوڈا
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پاکستان کے لیے مالی معاونت رکوانے کی کوشش کی۔ جو ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ ہم ایسی سوچ پر ہزار بار لعنت بھیجتے ہیں۔

