اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی اسٹارٹ اپس کی ترقی کے لیے بین الاقوامی روابط کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ خواجہ نے دوحہ میں قطر ڈویلپمنٹ بینک (کیو ڈی بی) کے چیف ایگزیکٹیو عبدالرحمان السویدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانی ٹیک اسٹارٹ اپس کے لیے ممکنہ مالی معاونت، انکیوبیشن اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ کیو ڈی بی پاکستان کے آئی ٹی شعبے اور بڑھتی ہوئی ٹیک بیسڈ چھوٹی و درمیانی کمپنیوں کے لیے ایک اسٹریٹجک پارٹنر بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپس کی ترقی کے لیے بین الاقوامی روابط کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
دونوں فریقین نے مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ ٹیکنالوجیز، سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں تعاون کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے پبلک اور پرائیویٹ اداروں کے مشترکہ پروگرام ڈیزائن کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ تاکہ کاروبار کو نئے ڈیجیٹل ٹولز کے مطابق ڈھالا جا سکے۔
دونوں فریقین نے تربیتی اقدامات کو بڑھانے اور نئے پروگرام ڈیزائن کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ جو پاکستان اور قطر کے نوجوانوں کو ٹیک سیکٹر میں داخلے میں مدد دے سکیں۔
شزا فاطمہ نے ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ، تکنیکی تربیت اور اسٹارٹ اپ ایکسچینج پروگرامز کے لیے ادارہ جاتی تعاون کی تجویز دی۔ اور کہا کہ انکیوبیٹرز اور ایکسیلریٹرز کے درمیان منظم تبادلے نئی مارکیٹس اور کاروباری ماڈلز سے روشناس کروانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انسان نما روبوٹ نے 3 دن مسلسل چل کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
ملاقات میں صنعتی ڈیجیٹلائزیشن، آئی او ٹی ٹیسٹنگ ماحول اور کراس انکیوبیشن پروجیکٹس میں تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

