فیصل آباد: وزیر اعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیاسی مذاکرات کا عندیہ دے دیا۔
وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سیاست نہیں کر رہے۔ کیونکہ سیاست میں ڈائیلاگ لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک آدمی جیل میں بیٹھ کر ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کرے تو ایسا نہیں ہوسکتا۔ میں ساڑھے 6 مہینے جیل میں رہا۔ اور اس دوران میرے اہلخانہ اور 2 وکلا کے سوا کسی کو ملاقات کرنے کی اجازت نہیں ملی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کسی پولنگ اسٹیشن سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ مخالفین کو پورے حلقے میں شکایت کا موقع نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھیں: عطا تارڑ کی شہریوں سے سڑکوں پر لگے سیکیورٹی روٹس برداشت کرنے کی درخواست
انہوں نے کہا کہ ترقی کا دور مریم نواز کی صورت میں واپس آچکا ہے۔ اس حلقےمیں میرٹ کی بنیاد پر 7 الیکشن لڑے۔ جن میں سے 5 میں جیتا۔ ضمنی الیکشن میں ٹرن آؤٹ 25 سے 30 فیصد ہوتا ہے۔ اور اُمید ہے عوام مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے۔
