اسلام آباد: نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی ( نیکٹا ) نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے تمام واقعات کی پیش گوئی ممکن نہیں ہے تاہم ان واقعات سے انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
نیکٹا کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ملک بھر میں سیکیورٹی خطرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کے بعد نیکٹا کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سلمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اجلاس میں تفصیل سے بات چیت کی ہے اور ای سی پی کے حکام کو سیکیورٹی خطرات سے متعلق مکمل بریفنگ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے عام انتخابات کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ کچھ بم دھماکوں کی اطلاعات تھیں اور کچھ کا علم نہیں ہو سکا۔
ڈاکٹر سلمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسیوں کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہے تاہم حالات کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انتخابات کے انعقاد میں گیارہ دن باقی رہ گئے ہیں اور خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انتخابی جلوسوں پر ہونے والے حملوں نے انتخابات کے حوالے سے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے، ان حملوں کی وجہ سے انتخابی عمل متاثر ہوا ہے اور بہت سے سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں نے اپنی سرگرمیاں محدود کر دی ہیں۔