جنگ میں شکست کے بعد بھارت خوارج کی مدد سے پراکسی وار کر رہا ہے، وزیر اطلاعات

Ata Tarar

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت اب پراکسی وار (Proxy war) کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس سلسلے میں افغان سرزمین سے دہشتگردوں کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو دہشتگردی سے متعلق ٹھوس ثبوت بھی فراہم کیے ہیں۔

معرکہ حق میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا حوالہ دیتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دورانِ جنگ پوسٹیں چھوڑ کر بھاگنے والوں نے سفید جھنڈے لہرائے تھے اور اب وہی عناصر بیرونی مدد کے ساتھ دوبارہ سرگرم ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا بھارت اور افغانستان کا مکروہ چہرہ دیکھ رہی ہے اور پاکستان نے مذاکرات میں دہشتگردی کے تمام ثبوت پیش کیے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ سیکیورٹی فورسز ایسے فتنوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور دہشتگردوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شکست دہشتگردوں کا مقدر ہوگی اور پاکستان کی قیادت ہر حال میں دہشتگردوں کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ریاست پاکستان اپنے شہریوں کا تحفظ کرنا جانتی ہے اور اس کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے حالات درست رہیں۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp