لندن: برطانیہ میں ڈاکٹروں نے ملازمتوں اور تنخواہوں کے معاملے پر نومبر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ میں ڈاکٹروں کی تنظیم “برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن” نے نومبر میں لگاتار 5 دن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ برطانیہ کے ڈاکٹر 14 نومبر کی صبح 7 بجے سے 19 نومبر کی صبح 7 بجے تک مسلسل 5 روز ہڑتال پر رہیں گے۔
برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے اپنی نوکریوں اور معاوضے سے متعلق حکومت سے مسلسل مذاکرات کیے جو بے نتیجہ رہے۔ اور حکومت پر دباؤ ڈالا کہ ڈاکٹروں کے بے روزگار ہونے کے مسئلے کو حل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں جونیئر ڈاکٹرز کو نوکریوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی مہارتیں ضائع ہو رہی ہیں۔ جبکہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی تعداد ضرورت سے کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فنڈز ختم، مہم بند؟ عالمی ادارہ صحت کی خطرناک وارننگ سامنے آگئی
جونیئر ڈاکٹرز رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہمارے حکومت سے مطالبات صرف ہمارے لیے نہیں بلکہ عوام اور مریضوں کے بہترین مفاد میں بھی ہیں۔ ہم حکومت سے معاہدے کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت اس معاملے میں سنجیدہ نہیں۔ جس کے بعد اب ہمارے پاس ہڑتال کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
