پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی پر پابندی کا فیصلہ کچھ دیر میں متوقع ہے، ٹی ایل پی والے دندناتے پھر رہے تھے اور عام آدمی پریشان تھا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹی ایل پی والوں نے املاک کو نقصان پہنچایا، جو مال غنیمت ٹی ایل پی والوں نے اکھٹا کیا وہ بھی سب کے سامنے ہے، ٹی ایل پی والوں نے شہریوں سے گاڑیاں بھی چھینی تھیں۔
مزید پڑھیں:ن، م، ش سیسہ پلائی دیوارکی طرح متحد، پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مریم نواز
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی غیر قانونی اجتماع کو منعقد کرنا جرم ہو گا، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اسلحہ ڈیلرز کے کاغذات کی سکروٹنی ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں اس وقت 10 لاکھ سے زائد افراد کے پاس اسلحہ ہے، 28 اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے، جن ڈیلرز کے پاس لائسنس نہیں تھا، وہ دکانیں سیل کر دی گئیں، اب کوئی نیا اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا، مختلف اداروں کے نام پر 42 ہزارسے زائد اسلحہ لائسنس رجسٹرڈ ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیر اعلیٰ پنجاب نے پرائیویٹ کشتیوں کے زائد معاوضے کا نوٹس لے لیا، عظمیٰ بخاری
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، ہتھیار بند جتھوں کو ریاستی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے، پنجاب میں قیام امن کیلئے ہر اقدام اٹھائیں گے، کسی کوقانون ہاتھوں میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
