لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا استقبال ہمارا جمہوری، آئینی اور قانونی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاریاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ن لیگی کارکن توصیف قریشی کی گرفتاری کے بعد ان کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ جمہوریت کے لیے توصیف قریشی کی گرفتاری قابل قدر ہے۔
انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ توصیف قریشی مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ اور سر گرم کارکن ہیں۔ شہبازشریف نے مطالبہ کیا کہ تمام مسلم لیگی کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔
یونین کونسل 209 کے چیئرمین اور ن لیگی کارکن توصیف قریشی کو کل رات گرفتار کیا گیا تھا۔
صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 159 سے (ن) لیگ کے انتخابی امیدوار حافظ میاں نعمان اور ماڈل ٹاؤن سوسائٹی سے صاحبزادہ سیف الرحمن بھی شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔