مارگلہ ہلز پر آتشزدگی، وفاقی محتسب نے کمیشن بنا دیا


اسلام آباد:  وفاقی محتسب نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ  لگنے کی وجوہات کا پتا چلانے اور بچاؤ کی تجاویز مرتب کرنے کے لیے کمیشن بنا دیا ہے جو اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ  میں پیش کرے گا۔

یہ بات وفاقی محتسب کے نمائندے  نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ سے متعلق از خود  نوٹس  کی سماعت کے دوران بتائی، نمائندے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کمیشن سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تشکیل دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ ہم اس کیس کو ملتوی کر دیتے ہیں لیکن ضرورت پڑنے پر اسے دوبارہ سنیں گے جس کے بعد کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ سے متعلق جون میں از خود  نوٹس لیا تھا، پہاڑیوں پر لگنے والی آگ کی وجہ  بظاہر گرمی کی شدت بتائی جاتی ہے لیکن  باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میں سی ڈی اے کے اہلکار ملوث ہوتے  ہیں اور آگ  باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ  لگائی جاتی  ہے۔


متعلقہ خبریں