وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت مسلم لیگ ن بنائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو احتجاج کرنے والے ٹولے کو پہلے کی طرح منہ کی کھانا پڑے گی،جب کہ جیل کے اندر بیٹھ کر بھی بانی پی ٹی آئی کہتا ہے ہم نے احتجاج کرنا ہے چڑھائی کرنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کی بریت کسی ڈیل کا حصہ نہیں عدالتوں میرٹ پر فیصلے کر رہی ہیں، سزاوں کا مسئلہ عدالتوں کا مسئلہ ہے لیکن جو نو مئی کا واقعہ ہے وہ ناقابل قبول ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم نے کئی بار ڈائیلاگ کی بات کی پرائم منسٹر لیول پر مگر وہ مذاکرات کے لیے تیار ہی نہیں ہیں، جب پی ٹی آئی کی سیاست میں انٹری ہوئی ہے اس کو مخصوص ادارے کی سپورٹ حاصل تھی، 2014 کا دھرنا اس کی مثال ہے۔
ملکی استحکام کیلئے پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں ، رانا تنویر
ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار سیکورٹی کونسل کی صدارت اسحاق ڈار نے کی ہے جو اعزاز کی بات ہے، پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی تاریخ کی بہترین خارجہ پالیسی ہے، ہمارا ازلی دشمن اس وقت تن تنہا ہے سوائے اسرائیل کے کوئی ملک اس کے ساتھ نہیں کھڑا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی مہنگائی 4 فیصد پر آ گئی ہے انشاءاللہ اس کو اور نیچے لے کر آئیں گے، چینی مہنگی کے معاملے پر 80 فیصد وہ لوگ شور مچا رہے ہیں جو خود کمرشل استعمال کرتے ہیں۔
