ننکانہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے منطق پیش کی ہے کہ ننکانہ میں تین ن لگتے ہیں اس لیے ن لیگ کو تین گنا زیادہ ووٹ ملیں گے۔
ننکانہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ نون لیگ کو تین گنا زیادہ ووٹوں سے جتوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ پانچ ارب ڈالر کی رقم کی لالچ امریکی صدر کی جانب سے دی گئی جسے نواز شریف نے ٹھکرایا اور پانچ دھماکوں کے بدلے چھ دھماکے کیے۔
شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف نے 2013 میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے فیکٹریاں بند ہو گئی تھیں، زراعت اور کاروبار ختم ہو گیا تھا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران بتایا کہ ن لیگ نے وعدہ سچ کر دکھایا اور 11000 میگا واٹ بجلی پیدا کی جب کہ 60 سالوں میں 18 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی۔
انہوں نے کہا الزام خان نے 2013 میں کے پی سے پورے ملک کے لیے بجلی پیدا کرنے کا خواب دکھایا لیکن صرف 72 میگا واٹ پیدا کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں ڈینگی حملے کے دوران پنجاب نے ادویات فراہم کیں۔ پنجاب حکومت نے یونیورسٹیاں اور اسپتال بنائے، پیتھالوجی لیب بنائی ۔ ہم نے مختلف منصوبے مکمل کیے لیکن عمران خان ایک بھی منصوبہ مکمل نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو چاربجے قائد محترم نواز شریف اور مریم نواز لاہور ایئرپورٹ اتریں گے۔ وہ اپنی بیمار بیوی کو چھوڑ کر وطن واپس آ رہے ہیں، کارکنوں کو چاہیے کہ ان کا بھرپور استقبال کرنے پہنچیں۔ نواز شریف اپنی محبت کو چھوڑ کر آ رہا ہے لیکن انہیں رائیونڈ نہیں جانے دیا جائے گا۔ شہباز شریف نے کارکنوں کو توڑ پھوڑ نہ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے لاہورانتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ کارکنوں کو ایئرپورٹ جانے دیا جائے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ننکانہ میں پکی سڑکیں، اسپتال اور اسکول بنے، لوگوں کو اسکالرشپ ملے سہولیات فراہم کیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ الزام خان کو اگر ووٹ دیا تو وہی حشر کرے گا جو کے پی کا کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ اگر ہمیں حکومت ملی تو ہندوستان کو پیچھے چھوڑ دیں گے اور پاکستان کو ترکی اور ملایشیا کے ہم پلہ لے کے آئیں گے۔ اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔