کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت گرنے کے بعد تیسرے روز ریسکیو آپریشن مکمل کرلیاگیا جب کہ واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق عمارت کے ملبے سے 27 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں، 11 زخمیوں میں 10 کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا جبکہ ایک مریض اب بھی زیر علاج ہے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ لیاری واقعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، پوری کوشش کی زیادہ سے زیادہ جانیں بچا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں چار سو اسی عمارتیں خطرناک قرار دی گئیں، زیادہ تر عمارتیں ضلع جنوبی میں ہیں۔ جب عمارت خالی کرائی جاتی ہے تو لوگ مزاحمت کرتے ہیں۔
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول کا کہنا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کیخلاف سخت آپریشن شروع کیا جائے گا۔ غیرقانونی تعمیرات کی اجازت دینے پر افسران کو نوٹسز نہیں بلکہ کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سو بیس مخدوش عمارتوں کو خالی کرایا جارہا ہے۔ لوگوں کو گھروں سے نکالنے کے لیے بڑے آپریشن کی ضرورت ہے۔ متاثرین کو کوئی دوسری جگہ دیں گے، معاوضہ بھی ملے گا۔
نبیل گبول نے کہا کہ جب تک عوام ساتھ نہ دیں لوگوں کو زبردستی نہیں نکال سکتے۔ عوام غیر قانونی تعمیرات میں خرید وفروخت نہ کریں۔