گوجرانوالہ: پاکستان میں انتخابی عمل کے ذمہ دار ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ سے صوبائی اسمبلی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارناصر چیمہ کو نااہل قرار دے دیا ہے۔
ناصر چیمہ کو انتخابی مہم کے دوران بینرز پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر لگانے پر نا اہل کیا گیا۔
پی ٹی آئی امیدوار کو پی پی 53 سے انتخاب لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔ ناصر چیمہ کی جگہ اب ان کے بیٹے جمال ناصر چیمہ الیکشن لڑیں گے۔
اس سے قبل سابق گورنر اور پی ٹی آئی رہنما چوہدری سرور کے بھائی کو بھی دہری شہریت کے معاملہ پر نااہل قرار دیا جا چکا ہے۔ جس کے بعد تحریک انصاف نے اسی حلقہ سے الیکشن لڑنے والے آزاد امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔