گرمی سے پریشان عوام کو محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی، 20 سے 23 جون تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی، وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی 20 جون سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔
اس وجہ سے کل سے 23 جون کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بٹ گرام، شانگلہ، پشاور، کوہستان، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
سفارتی سطح پر پاکستان کو تاریخی کامیابی ملی ہے، سنیٹر شیری رحمان
اس دوران بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔21 سے 23 جون کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔
22 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا، کشمیر اور بلتستان میں بارش کی پیشگوئی بھی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا۔
کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور ایسے لگ رہا ہے کہ سورج آگ برسا رہا ہے۔
گزشتہ روز جیکب آباد اور دادو میں پارہ 47 ڈگری، نواب شاہ اور سبی میں 46، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، پشاور،ڈیرہ غازی خان میں 42، اسلام آباد میں 41، کوئٹہ میں 40 اور کراچی میں 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔