زرداری اسٹاپ لسٹ میں، پیپلزپارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن  فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے جانے کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے اعلی سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول ہاؤس لاہور میں ہونے والے اجلاس کی مشترکہ صدارت آصف علی زرداری اور بلاول  بھٹو زرداری کریں گے، بلاول بھٹو دورہ ملتان مختصر کر کے آج رات لاہور پہنچیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے لیے تمام سینئر قائدین کو بلاول ہاؤس طلب کر لیا گیا ہے جہاں مشاورت کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان متوقع  ہے۔

اجلاس میں نوازشریف کو دی گئی سزا، عام انتخابات اور اسٹاپ لسٹ میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام شامل کرنے جیسے اہم معاملات زیربحث آئیں گے۔

پیر کے روز جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس مقدمے میں سات افراد کے 29 جعلی اکاؤنٹ سامنے آئے ہیں جبکہ تین بینکوں کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ پاکستان کے احکامات پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا ہے تا ہم  وفاقی سیکرٹری داخلہ نے اس کی تردید کی ہے۔


متعلقہ خبریں