سینٹ اور قومی اسمبلی میں ایران پر اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔
سینٹ میں نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے ایران پر اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی قرارداد پیش کی ، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ،اسرائیل نے ہمارے برادر ملک پر حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی حملے علاقائی و عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ، مشکل کی گھڑی میں ایران کیساتھ ہیں ، پاکستان
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان ایرانی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اسرائیل نے اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے ، عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیلی حملے کا نوٹس لیں۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں بھی اسرائیل کے ایران پر حملے کیخلاف مذمتی قرارداد منظو ر کی گئی ، نوید قمر کی پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ،جارحانہ اقدامات سے دنیا کا امن خطرے میں ڈالا گیا،پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کیساتھ ہے۔