نیب نے کیپٹن صفدر کو گرفتار کرلیا

مجھے مقدمات سے نہیں ڈرایا جا سکتا، کیپٹن (ر) محمد صفدر

راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ  محمد صفدر کو دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے  کیپٹن(ر) صفدر کو نیب کی حراست سے چھڑا لیا تھا۔

گرفتاری کے بعد انہیں نیب آفس راولپنڈی منتقل کیا جائے گا جہاں پہلے موجود میڈیکل ٹیم چیک اپ کرے گی۔

’ہم نیوز‘ ذرائع کے مطابق میڈیکل چیک اپ کے بعد ن لیگی رہنما کو خصوصی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا اور انہیں آج ہی اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔

نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب عالم کی ٹیم نے انہیں گرفتار کیا اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔

قبل ازیں کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے آج ہی گرفتاری دینے کا اعلان کرتے  ہوئے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ گرفتاری دینا میری غیرت کا تقاضا  ہے، جس شہر سے پارٹی نے میری گرفتاری کا فیصلہ کیا ہے میں وہاں گرفتاری دینے جا رہا ہوں۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جمعہ کو کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔


متعلقہ خبریں