عمران خان ملک کیا خاک چلائیں گے؟ نفیسہ شاہ

عمران خان ملک کیا خاک چلائیں گے؟ نفیسہ شاہ | urduhumnews.wpengine.com

خیرپور: پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بس ٹرانزٹ منصوبہ تو بنایا نہیں گیا، عمران خان ملک کیا خاک چلائیں گے؟

انہوں نے کہا عمران خان جلسوں میں اس سچ کو بھی بتائیں کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت تقریباً دگنا ہوچکی ہے، ملکی قرضوں پر تنقید کرنے والے عمران خان کی خیبرپختونخوا حکومت نے تین کھرب روپے کا قرضہ لیا، اقتدار میں آکر ٹیکس اکھٹا کرنے کے دعوے دار عمران خان بتائیں کہ خیبرپختونخوا حکومت نے کتنا ٹیکس جمع کیا؟

پیپلز پارٹی کی سابق رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی مثالیں دینے والے عمران خان خیبرپختونخوا کو تباہ وبرباد کرچکے ہیں،

خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی کا پول اسی دن کھل گیا تھا جب صوبے کے آئی جی نے مشال خان کیس میں دباؤ کا اعتراف کیا تھا۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت پر تنقید کرکے عمران خان پرویزمشرف کی زبان بول رہے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی پر ملک کی تباہی کا الزام لگانے والے عمران خان یاد رکھیں کہ اگر وہ کھل کر سیاست کررہے ہیں تو یہ پی پی پی کی قربانیوں کی مرہون منت ہے اور یاد رکھیں عمران خان کا یہ آخری الیکشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشريف کے دور حکومت میں پیپلزپارٹی رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج ہوئے، اداروں کو دائرہ کار کا احترام کرنا چاہیے، پیپلزپارٹی کا وزیراعظم نااہل ہوا پر ہم نے اداروں کے خلاف بات نہیں کی۔

سابق رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ نوازشريف کو اس وقت سزا ہونا الیکشن پر اثرانداز ہوسکتا ہے انہیں چاہیے واپس آ کرعدالتوں کا سامنا کریں۔ انہوں نے دعویٰ کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی الیکشن مہم زبردست کامیاب رہی ہے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے ذمہ داران کا نام لیے بغیر کہا کہ مائنس زرداری کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔


متعلقہ خبریں