اسلام آباد: ملک بھر کے دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی صورتحال انتہائی کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ( ارسا ) کے ترجمان خالد رانا کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے پچھلے دنوں بارشیں کم ہوئی ہیں جس کی وجہ سے پانی کے ذخیروں میں پانی کی سطح بلند نہیں ہو سکی، اسی طرح گلیشیئرز پگھلنے کا عمل بھی سست رفتار ہے جس کی وجہ سے ملک بھر کے دریاوَں اور ڈیموں میں پانی کی صورت حال انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔
ارسا ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم کا ڈیڈ لیول 886 فٹ ہے اور اس وقت پانی کی سطح 1887 فٹ تک پہنچ چکی ہے، اس کی وجہ سے تربیلا ڈیم میں ایک فٹ پانی رہ گیا ہے، اس ڈیم کے خالی ہونے سے خریف کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ارسا حکام کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ آٹھ لاکھ 89 ہزار ایکڑ فٹ ہے جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاوَ 49 ہزار کیوسک ہے۔
دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 46 ہزار کیوسک جبکہ دریائے چناب مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 43 ہزار کیوسک ہے۔