اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے ملک میں ہونے والے بڑے پیمانے پر بجلی کے بلیک آؤٹ سے متعلق کہا ہے کہ اس کی حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم اس حوالے سے ماہرین کی ٹیم تحقیقات میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلیک آؤٹ سے عوامی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا اور حکومت صورت حال پر مکمل کنٹرول رکھتی ہے، ابتدائی اندازوں کے مطابق بحران کی ممکنہ وجہ یورپی پاور گرڈ میں اچانک اتار چڑھاؤ بتائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی اسپین کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی کام تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی سب سے بڑی ترجیح عوام کے گھروں تک فوری طور پر بجلی کی بحالی ہے تاکہ معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صبر کا مظاہرہ کریں اور سرکاری ہدایات پرعمل کریں۔