وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے تہران میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے سرکاری پریس ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے معاہدوں کو حتمی شکل دینے اور تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امریکی دباؤ نے مسلم ممالک کے درمیان تعاون اور روابط کو فروغ دیا، انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔
Pakistan’s Interior Minister to Pezeshkian: We Will Further Develop Tehran-Islamabad Relations
🔻 Sayed Mohsen Naqvi, Pakistan’s Interior Minister, emphasized the expansion of cooperation between the two countries in the areas of trade, economy, tourism, politics, culture, and science during a meeting with Masoud Pezeshkian.
🔸 Pezeshkian, referring to the extensive potential of Iran and Pakistan, stressed the need to strengthen trade, energy, tourism, and joint investment. He said the two countries can meet part of their needs by relying on their regional capacities.
🔻 Naqvi described the current relations between Tehran and Islamabad as being at a high level and expressed Pakistan’s readiness to further strengthen bilateral cooperation.
— Tehran Times (@TehranTimes79) September 21, 2026
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان خطے کے دو طاقتور ممالک ہیں ، دونوں ممالک کے پاس بے پناہ انسانی صلاحیتیں اور وافر وسائل موجود ہیں۔ اگر ہم ان صلاحیتوں کو یکجا کر کے ایک دوسرے کا ساتھ دیں تو مقامی اور علاقائی وسائل و صلاحیتوں پر انحصار کرتے ہوئے اپنی بہت سی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان تجارت، معیشت، سیاحت اور سیاست سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی ایران سے تعاون کو مزید وسعت دے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات جس سطح پر آج ہیں، پہلے کبھی نہیں تھے۔
وزیر داخلہ کی ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات
قبل ازیں وزیر داخلہ کی ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن واستحکام کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی وزات داخلہ آمد، ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات
پاک ایران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیالملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا https://t.co/bEjeAaTKj5
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) September 21, 2026
ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کے شکر گزار ہیں، اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے وقت میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
“محسن نقوی امریکا کی طرف سے کوئی پیغام نہیں لے کر آئے، اسماعیل بقائی”
علاوہ ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا کہ پاکستانی وزیر کوئی خصوصی اقدام یا پیغام لے کر ایران پہنچے ہیں۔ یہ دورہ مکمل طور پر دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار میں ہو رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستان نے ثالثی میں کردار ادا کیا ہے، پاکستان علاقائی امور پر بات کرے گا۔ تاہم اب تک کوئی ایسا اشارہ نہیں ملا کہ محسن نقوی امریکا کی جانب سے کوئی مخصوص پیغام یا تجویز لے کر آئے ہیں۔
اس سے قبل الجزیرہ نیوز نیٹ ورک سمیت علاقائی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ محسن نقوی ایران میں امریکی حکومت کے پیغامات پہنچانے کے لیے گئے ہیں۔



