اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے جنید اکبر کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا دارالحکومت ہے، اسے نقصان پہنچانے کے عزائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے مطابق طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسلام آباد 25 کروڑ پاکستانیوں کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے، اسے میدانِ تصادم بنانے کی دھمکیاں عوامی مفاد کے خلاف ہیں، اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکیاں ہرگز قابل قبول نہیں۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، لیکن دھمکیاں دینا جمہوری سیاست نہیں، دارالحکومت میں بدامنی پیدا کرنے یا سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے تحریک انصاف کی صوبائی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کو بدامنی اور بدانتظامی سے دوچار کیا، جبکہ اس کی سیاست نے صوبے میں سیاسی انتشار کو فروغ دیا۔
طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات جمہوری اور آئینی دائرے میں رہ کر حل کرنے چاہئیں، دارالحکومت کو سیاسی کشیدگی اور تصادم کا مرکز بنانے سے ملک اور عوام کو نقصان پہنچے گا۔
اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے کی دھمکی دینے والے جنید اکبر خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، یہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے۔
تحریک انصاف نے اپنی طرزِ سیاست اور حکمرانی سے خیبرپختونخوا کو جس بدامنی،…
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) September 20, 2026
انہوں نے جنید اکبرکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد کے بجائے خیبرپختونخوا کے عوامی مسائل پر توجہ دیں اور صوبے کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اوردارالحکومت کے امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، کسی کو بھی اسلام آباد میں امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ صدرتحریک انصاف خیبرپختونخوا جنید اکبر نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرحکومت نے 27 ستمبر کے احتجاج پر گولیاں چلائیں تو “ہم اسلام آباد کو سومنات بنا دیں گے، لاشیں اٹھائیں گے اور نئے لوگ ان کی جگہ لیں گے۔
سومنات کا حوالہ میں نے اسلام آباد بار بار آنے کے لیے استعمال کیا تھا۔ آپ ہمت کریں اور میری پوری تقریر نشر کریں۔ جہاں جہاں آپ کو میری کوئی بات غلط لگے، میں اس پر معافی اور معذرت کرنے کے لیے تیار ہوں۔
یہ ملک مجھے اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، اور اپنی سیاست سے بھی بڑھ کر پیارا… https://t.co/beySR4y9k7
— Junaid Akbar (@JunaidAkbarMNA) September 20, 2026
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔



