اسلام آباد: پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن میں اسلام آباد اور پشاور بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے،زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 22 ستمبر 2026 کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر آیا، جس کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کی گہرائی 196 کلومیٹر جبکہ مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن تھا۔ زلزلے کے مرکز کے نقاط 36.53 ڈگری شمالی عرض البلد اور 70.88 ڈگری مشرقی طول البلد بتائے گئے ہیں۔
ابتدائی طور پر زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
پاکستان زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے اور ملک کے شمالی و مغربی علاقے، خصوصاً ہندوکش، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان، زلزلوں کے حوالے سے حساس سمجھے جاتے ہیں، پاکستان میں تاریخ کے دوران متعدد بڑے زلزلے تباہی کا باعث بن چکے ہیں۔
آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا: 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ پاکستان کی تاریخ کے تباہ کن ترین زلزلوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی شدت 7.6 تھی اور آزاد کشمیر، بالاکوٹ، مظفرآباد اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں شدید تباہی ہوئی۔اس میں ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے۔
ستمبر 2013 میں بلوچستان کے ضلع آواران میں آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور سینکڑوں افراد جاں بحق ہوئے۔

