بلوچستان میں آپریشن شعبان 2 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، ساران تنگی کے علاقے میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ساران تنگی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی، کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان 2 جاری رہے گا، پاکستان کے امن، سلامتی اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے 6 دہشت گردوں کی ہلاکت پرسکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



