ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال


وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے غیر معمولی اور خصوصی سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے آج وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوطرفہ اور کثیرالملکی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر جامع تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔

ڈاکٹر جمال نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تعلقات میں تیزی سے پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں ایتھوپین سفارتخانے کے قیام اور ایتھوپین ایئر لائنز کی پاکستان میں پروازوں کے آغاز کے بعد اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور بین الاقوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا کہ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں 15 سے 17 مئی 2025 تک پاکستان کا “سنگل کنٹری ایگزیبیشن” منعقد کیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں “گیم چینجر” ثابت ہو گا۔

ڈاکٹر جمال نے وزیر اعلیٰ کو ایتھوپیا میں وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں کیے گئے “ہوم گرون اکنامک ریفارمز” کے دو مراحل پر مبنی اصلاحاتی منصوبے سے بھی آگاہ کیا، جن کی بدولت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول میسر آیا ہے اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ایتھوپیا ، شادی میں شرکت کیلئے جانیوالوں کا ٹرک دریا میں جا گرا ، 71 افراد ہلاک

انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی عوامی فلاح پر مبنی حکمرانی اور پنجاب میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایتھوپین ایئرلائنز کی پاکستان میں آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا نیا باب ہے۔ انہوں نے افریقہ، بالخصوص ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا اور وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا کی اقتصادی کامیابیوں کو سراہا۔

وزیر اعلیٰ نے ایتھوپیا کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو کو بھی سراہا جو ماحولیاتی بحالی اور خوراک کی سلامتی کے لیے شجرکاری و جنگلات کی بحالی پر مبنی ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔


متعلقہ خبریں