وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دیا جائے گا۔
اوورسیز پاکستانیوں کے امور پر خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں بڑا پیکج دیا ہے ، مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
چین نے ہر موقع پر ہمارا ساتھ دیا ، آئی ایم ایف پروگرام کیلئے بھی مدد کی ، شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں، مادر وطن کیلئے ان کی بڑی خدمات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے جذبوں، وطن کیلئے محبت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے دنیا بھر میں محنت کرکے اپنا اور اپنے ملک کیلئے نام روشن کیا اور طب، تعلیم، انجینئرنگ اور کنسلٹینسی میں بطور پروفیشنل محنت کر کے رزق حلال کمایا ہے۔
پوری قوم کو اپنے محنت کش سمندرپار پاکستانیوں پر فخر ہے، شہباز شریف
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ کنونشن میں اوورسیز کی بڑی تعداد میں شرکت حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور اُنہیں مزید سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہیں ، انہیں سرمایہ کاری کے مواقع بھی دیئے جائیں گے۔