واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرپ نے کہا ہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی ایک مذاق ہے۔ جو نفرت اور حماقت سکھاتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ وفاقی فنڈنگ کا مستحق نہیں رہا۔ اور اب اس کا شمار کسی معیاری تعلیمی ادارے کے طور پر نہیں ہو سکتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہارورڈ کو دنیا کی عظیم یونیورسٹیوں کی کسی بھی فہرست میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔ ہارورڈ ایک مذاق ہے جو نفرت اور حماقت سکھاتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اور ہارورڈ کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب یونیورسٹی نے حکومتی دباؤ کے باوجود دیگر یونیورسٹیوں کے برخلاف اپنے تعلیمی و انتظامی معاملات میں مداخلت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
گزشتہ روز امریکی صدر نے یونیورسٹی کو غیر منافع بخش ادارے کی حیثیت سے ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کی دھمکی دی تھی۔ جبکہ یونیورسٹی کی 2.2 ارب ڈالر کی وفاقی فنڈنگ پہلے ہی منجمد کی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی تیل درآمد کرنے والی کمپنیوں اور آئل ٹینکرز پر امریکا نے نئی پابندیاں عائد کر دیں
ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ ہارورڈ اپنی داخلہ پالیسی، بھرتیوں اور تعلیمی شعبہ جات کی ترتیب میں تبدیلی کرے اور تعلیمی پروگرامز اور شعبہ جات کے آڈٹ کی اجازت دے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر کا کہنا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری یا آئینی حقوق پر کوئی سودا نہیں کریں گے۔