اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔
786 پولنگ اسٹیشنوں پر سات ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جن میں پانچ ہزار پولیس اہلکار اور دو ہزار رینجرز، ایف سی، لیڈی پولیس اور کوئیک ریسپانس فورس (QRF) کے اہلکار شامل ہوں گے۔
سیکیورٹی انتظامات کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کے تین ہزار جوان بھی تعینات کیے جائیں گے جو پولنگ اسٹیشنوں پر بھی موجود ہوں گے۔
سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی پولنگ سے ایک دن قبل 24 جولائی کو کی جائے گی۔ اسلام آباد کے چاروں زونوں میں پولیس کی کمانڈ ایس پی رینک کے افسران کریں گے۔
پولیس کی اسپیشل برانچ نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ الیکشن کے دوران اسلام آباد کے 53 پولنگ اسٹیشنوں پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی ہنگامہ آرائی اور جانی نقصان کے خدشات موجود ہیں۔
سیکیورٹی پلان کے تحت تمام حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج کے تین لاکھ 50 ہزارجوان ملک بھر میں تعینات ہوں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اینٹی ریاٹ پولیس کی ٹیمیں بھی تیار رہیں گی۔