لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو گئے، نیب ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے شہبازشریف سے دو گھنٹے تک تفتیش کی۔
نیب نے شہبازشریف کو صاف پانی کیس اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں پانچ جولائی کو طلب کر رکھا تھا تاہم انہوں نے منگل کے روز اپنی مصروفیات کی وجہ سے چھ جولائی کو پیش ہونے کی استدعا کی تھی جسے نیب حکام نے منظور کر لیا۔
شہبازشریف ہرے رنگ کی گاڑی میں بغیر پروٹوکول کے آئے تھے، یہ گاڑی حمزہ شہباز کی ملکیت ہے۔
صاف پانی کیس میں نیب نے پانچ ملزموں کو گرفتار کر رکھا ہے جن میں ناصر قادر بھدل، ڈاکٹر ظہیر الدین، محمد سلیم، محمد مسعود اختر اور خالد ندیم بخاری شامل ہیں، نیب کے مطابق ملزمان نے ملی بھگت سے بہاولپور ریجن میں انتہائی مہنگے داموں 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کرکے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔