معاشی بریک تھرو لازمی ہے، پی ٹی آئی کی ڈیجیٹل پالیسی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ہمیں آگے بڑھنے کے لیے ایک معاشی بریک تھرو کی ضرورت ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پی ٹی آئی کی ڈیجیٹل پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت سے پہلے سالانہ خسارہ دو ارب ڈالر تھا، اب ماہانہ خسارہ دو ارب ڈالر ہے، معاشی بحران سے بچنے کا واحد حل برآمدات کو بڑھانا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ ہمارا ملکی تعلیمی نظام عالمی معیار پر پورا نہیں اترتا، اس وقت آئی ٹی انڈسٹری میں سوا لاکھ نوجوان کام کر رہے ہیں، ہم اقتدار میں اؔٓ کر انفارمیشن ٹیکنالوجی میں آٹھ لاکھ  75 ہزار مزید ملازمتیں پیدا کریں گے، 50 ہزار اسکالر شپس پر بھی غور کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کام نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہے، ہر سال 20 لاکھ نوجوان روزگار کے لیے مارکیٹ میں آتے ہیں، نوکری کے مواقع پیدا کرنا ریاست کی ذمہ داری  ہے، اس وقت آئی ٹی کی برآمدات دو ارب ڈالر ہیں ہم اسے دس ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیل آؤٹ پیکج کے لیے نیا کشکول تلاش کیا جا رہا ہے، ہم  نالج ولیجز بنائیں گے جہاں شفافیت ہوگی اور کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں