سپریم کورٹ: مارگلہ پر تعمیرات اور طیبہ کیس کی سماعت آج ہو گی


اسلام آباد: سپریم کورٹ میں آج مارگلہ کی پہاڑیوں پر غیر قانونی تعمیرات اور طیبہ تشدد  کیس سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت ہو گی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ  کاز لسٹ کے مطابق آج مارگلہ کی  پہاڑیوں پر غیرقانونی تعمیرات پر لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت ہو گی، عدالت عظمیٰ نے جون میں سماعت کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)  سروے  آف پاکستان کو طلب کیا تھا۔

اسی طرح کم سن گھریلو ملازمہ طیبہ تشدد کیس کی سماعت بھی آج ہو گی، کیس میں سزا یافتہ سابق جج راجہ خرم نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، این آئی سی ایل کرپشن کیس میں نیب کی رپورٹ بھی کاز لسٹ میں شامل ہے۔

سپریم کورٹ میں آج زیر سماعت دیگر اہم کیسز میں جیلوں میں خواتین قیدیوں کی حالت زار، خیبرپختونخوا میں بجلی پیداوار کے منصوبوں کا معاملہ اور عطا الحق قاسمی کی مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹیلی ویژن  تعیناتی کا کیس شامل ہے۔

اسی طرح آٹھویں ویج بورڈ کے ممبران کی تعیناتی اور شیر باز خان کاغذات نامزدگی سمیت دیگر اہم کیسز کی سماعت بھی  آج ہوگی۔


متعلقہ خبریں