شامی صدر بشار الاسد کا جہاز فلائٹ ریڈار سے غائب

Basharul Asad

شام کے صدر بشار الاسد کا ممکنہ جہاز فلائٹ ریڈار سے غائب ہو گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بشار الاسد کا جہاز آج صبح دمشق ایئرپورٹ سے شام کے ساحلی علاقے کی جانب روانہ ہوا تھا۔

بشار الاسد کے جہاز نے کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد یو ٹرن لیا اور فلائٹ ریڈار سے غائب ہو گیا۔ طیارے میں سوار افراد کا تعین نہیں ہو سکا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ ان کا فلائٹ ٹرانسپونڈر بند کر دیا گیا۔

دوسری جانب شام کے وزیر اعظم محمد غازی الجلالی نے کہا ہے کہ ان کا بشار الاسد سے گزشتہ شام آخری بار رابطہ ہوا تھا۔ اور انہوں نے تاکید کی تھی کہ ہم کل دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔

غازی الجلالی نے اپنے بیان میں ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شامی عوام کو اپنی مرضی سے نئی قیادت منتخب کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: باغیوں نے قبضے کے بعد ایئر پورٹ بند کر دیئے ، اڑھائی سو پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے

شامی وزیر اعظم نے ملک کی صورتحال کا سیاسی حل نکالنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم سابق صدر اس وقت کہاں ہیں اور کیا واقعی وہ ملک چھوڑ گئے ہیں۔

واضح رہے شام کے باغی گروپ نے دمشق کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سرکاری ٹی وی پر فتح کا اعلان کیا۔ جبکہ بشار الاسد کی ملک سے فرار کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

شام کے باغیوں نے دارالحکومت دمشق پر قبضے کے بعد سرکاری ٹی وی پر تمام قیدیوں کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا۔ شامی باغ گروپ کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے اپنی فتح کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کرتے ہوئے بتایا کہ شام سے بشار الاسد حکومت کے طویل دور کا خاتمہ ہو گیا ہے۔


متعلقہ خبریں