آزاد کشمیر میں تیز بارش اور برفباری، گلگت میں شدید برفباری سے نظام درہم برہم

برفباری

آزاد کشمیرمیں کہیں بارش تو کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، وادی جہلم، وادی لیپہ کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ رات برفباری سے سردی بڑھ گئی۔

مظفرآباد شہرمیں گزشتہ رات شدید بارش کے بعد بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،وادی جہلم، وادی لیپہ کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ رات برف باری سے سردی بڑھ گئی۔

وادی نیلم کے بالائی علاقوں اڑنگ کیل، گریس، شونھر،جاگراں میں گزشتہ رات برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔ وادی نیلم میں برف باری کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ بلندسیاحتی مقامات بابون، رتی گلی،پتلیاں،چٹہ کٹھا،سرگن نوری ٹاپ جھیلوں پر برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔

مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

دوسری جانب گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے،شدید برفباری کے باعث زمینی رابطہ منقطع ہونے اور سفر میں رکاوٹوں کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خطے میں درجہ حرارت منفی 14 سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔

بابوسر ٹاپ اور خنجراب پاس سمیت اہم راستے برفباری کے باعث بند ہو گئے ہیں جس سے پاکستان اور چین کے درمیان سفر میں خلل پڑ رہا ہے،حکام نے تصدیق کی کہ خنجراب پاس پر متعدد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ رانڈو کے مقام پر چٹان گرنے سے بلتستان روڈ بلاک ہوگئی ہے، سڑک کو آج ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔

گلگت بلتستان کی انتظامیہ نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر اور گھانچے اضلاع میں آج بھی شدید برف باری جاری رہنے کا انتباہ دیا ہے اور رہائشیوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔


متعلقہ خبریں