کراچی: 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن 2018 کے لیے کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ اتنخابی مہم کے دوران عوامی ردعمل آیا تو بھاگنے کے بجائے جواب دوں گا۔
ہم نیوز ایکسٹرا میں گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت نے سیاسی مخالفین پر طنز کے نشتر بھی چلائے۔ پی ایس پی کے انتخابی نشان پر تبصرہ کرتے ہوئے وہ بولے کہ ڈولفن اندھی ہوتی ہے، ایم کیو ایم کی پتنگ کٹ چکی ہے۔ ن لیگ سربراہ شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوہاروں کوپان کا کیا پتہ، یہ شہنشاؤں کی غذا ہے۔
کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 سے امیدوار بن کر میدان میں اترنے والے عامر لیاقت حسین اپنی انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کی تنقید کا نشانہ بھی بنے ہیں۔
گزشتہ روز ان کی انتخابی سرگرمی کے دوران ہونے والے ایک حملہ میں پی ٹی آئی کا کارکن بھی زخمی ہوا جس کی شکایت مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ہے۔ پولیس کو درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک کے کارکنوں نے انتخابی مہم پر حملہ کیا ہے۔
عامر لیاقت نے عوام کی عدالت میں امیدواروں کی رسوائی کے موجودہ ٹرینڈ کو درست نہ مانتے ہوئے کہا کہ امیدوار کی بھی کوئی عزت ہے،عوامی ردعمل آیا تو بھاگنے کی بجائے جواب دوں گا۔