مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، برفباری کا بھی آغاز، اسلام آباد میں بھی بوندا باندی

بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالاپہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ مختلف علاقوں میں بارش کا آغاز ہو گیا ہے، ایبٹ آباد، نتھیا گلی، ایوبیہ، چھانگلہ گلی، ٹھنڈیانی، بالاکوٹ، گڑھی حبیب اللہ میں بارش ہوئی،وادی کاغان، جھیل سیف الملوک، بٹہ کنڈی اور بابو سر ٹاپ پر برفباری کا بھی آغاز ہو گیا، برفباری کے باعث شاہراہِ ناران بابو سر ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔

سوات، صوابی، مانسہرہ اور گرد و نواح میں بارش، ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، ٹوپی بازار میں پانی دکانوں میں داخل ہو گیا، سوات کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی ہوئی۔

پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں اسموگ چھائے رہنے جبکہ چند میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند پڑنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تا ہم لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے میں گرین انفراسٹرکچر میں اضافہ کرنے کا فیصلہ

شیخوپورہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، خانیوال، خانپور، جھنگ، بہاولپور، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں دُھند جبکہ چند مقامات پر شدید دُھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ اس دوران اٹک، مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہورمیں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، خیبر، کرم، پشاور اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں