کراچی کے اساتذہ کا الیکشن ڈیوٹی سے انکار


کراچی: انجمن اساتذہ نے الیکشن کمیشن کے رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عام انتخابات کے لیے ڈیوٹی دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ جامعہ کراچی  کے اساتذہ نے امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر انجمن اساتذہ  پروفیسر جمیل کاظمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ ہراساں کر رہا  ہے، ہمارے انتہائی سینئر پروفیسرز کو شوکاز جاری کیے گئے ہیں، ان کی تنخواہ روکنے اور نوکری ختم کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں، جو لوگ عمرے پر گئے ہوئے ہیں ان کے گھروں پر کال کر کے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 25 سالوں میں جامعہ کراچی کے اساتذہ کی ایسی ڈیوٹی نہیں لگی، جامعہ کراچی ملک کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے، پشاور اور جامعہ پنجاب کے اساتذہ الیکشن ڈیوٹی میں حصہ نہیں لے رہے، جو لوگ انتقال کر گئے ہیں ان کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں جبکہ ریٹائرڈ اساتذہ کو بھی الیکشن ڈیوٹی کے لیے طلب کیا جا رہا ہے جو کسی  طور قابل قبول نہیں ہے۔

انجمن اساتذہ کے صدر کا کہنا تھا کہ اگر کسی استاد کو گرفتار کیا گیا تو نتائج کی ذمہ دار انتظامیہ ہو گی، کسی سینئر استاد کے پاس پولیس موبائل چلی گئی یا اسے سمن جاری ہوا تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر اساتذہ کو گرفتار کیا گیا تو جامعہ کراچی کے تمام اساتذہ گرفتاری دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیر دو جولائی کو انجمن اساتذہ کی جنرل باڈی اجلاس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp