ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا دورِ اقتدار تنازعات سے بھرپور رہا

Donald Trump

فوٹو: فائل


واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا دور اقتدار تنازعات سے بھرپور رہا۔ انہوں نے 91 الزامات کے سائے میں دوسری صدارتی مہم شروع کی، جس میں ان پر دو ناکام قاتلانہ حملے بھی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے تیسرے صدر ہیں جن کا مواخذہ کیا گیا لیکن وہ بری ہوگئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر طاقت کے غلط استعمال، کانگریس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور حامیوں کو بغاوت پر اکسانے کے الزامات لگے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سابقہ دور صدارت میں فوجی فنڈز کا رخ امریکہ، میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کی طرف موڑا۔ اور غیر قانونی تارکین وطن کے لیے خاندانی علیحدگی کی متنازع پالیسی نافذ کی۔

7 مسلم ممالک سے لوگوں کی امریکہ آمد پر پابندی لگائی گئی جبکہ امریکہ کو پیرس ماحولیاتی معاہدے اور ایرانی جوہری معاہدے سے علیحدہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ کو مضبوط بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

ٹرمپ کے دور میں ہی امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا گیا۔ جبکہ ملک میں ریکارڈ ٹیکس چھوٹ دی گئی۔ چین سے تجارتی جنگ چھیڑی اور شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر بنے۔

اپنے سابقہ صدارتی دور میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا کے خلاف غیر سائنسی اقدامات کو فروغ دیا۔ اور امریکہ میں اس وبا سے 4 لاکھ اموات ہوئیں۔

2020 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے شکست تسلیم نہیں کی۔ انتخابی فراڈ کے60 سے زائد دعوؤں پر انہیں عدالتوں میں شکست ہوئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے 2020 کا انتخاب ہارنے پر اپنے حامیوں کو کیپیٹل ہل کے باہر جمع کیا۔ اس جتھے نے کیپیٹل ہل پر ہلہ بول دیا اور اس دوران 5 لوگ ہلاک ہوئے۔


متعلقہ خبریں