اسلام آباد: پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور مولوی سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ کچھ عناصر پاکستان میں دراندازی کرتے ہیں۔ لیکن یہ افغان حکومت کی پالیسی نہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور مولوی سردار احمد شکیب نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے کے چینلز موجود ہیں۔ تاہم اس وقت کوئی اعلی سطح پر بات چیت نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شاید کچھ شکایات ہیں۔ مگر ہمیں علم نہیں کہ امن و امان کے حوالے سے پاکستان کو کیسے رضامند کریں۔
مولوی سردار احمد شکیب نے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کے الزامات کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیتا۔ تاہم کچھ عناصر دراندازی کرتے ہیں لیکن یہ ہماری پالیسی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی دراندازی کوئی نئی چیز نہیں۔ اور اگر ہم اس پر قابو پانا بھی چاہیں تب بھی یہ ناممکن ہو گا۔ کوئی افغان یہاں آکر دہشت گردی نہیں کرتا اور ہم کسی افغان کو کسی ہمسایہ ملک میں جہاد کی اجازت بھی نہیں دیتے۔ اس حوالے سے باقاعدہ فتوے بھی جاری ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
افغان ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ لیکن اقتصادی و تجارتی تعلقات کی راہ میں کچھ چیلنجز اور رکاوٹیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی راہداریوں کے ذریعہ باہمی تجارتی تعلقات جاری ہیں۔ اور سرحدی راہداریوں کی بار بار بندش، گاڑیوں کی غیر ضروری تلاشی اور کسٹمز کے معاملات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ سفارتی مذاکرات طویل المدت تجارتی تعلقات کے لیے ضروری ہیں۔