شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس، 8 دستاویزات پر دستخط

SCO Conference

اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا باقاعدہ سربراہی اجلاس آج پاکستان میں ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف ایس سی او کانفرنس کی صدارت کر رہے ہیں۔

ایس سی او سربراہی کانفرنس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت جاری ہے۔ کانفرنس میں رکن ممالک کے درمیان 8 دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔ ایس سی او ملکوں کے سربراہان کے 23ویں اجلاس کے اعلامیے پر بھی دستخط کیے گئے۔

رکن ممالک کے رہنماؤں نے بجٹ سے متعلق امور کی منظوری دی جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کونسل کی صدارت بھی روس کے سپرد کر دی گئی۔ ایس سی او سربراہان کے آئندہ اجلاس 2025 کی میزبانی روس کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اگلے اجلاس کی میزبانی ملنے پر روس کو مبارکباد دی۔ ایس سی او کے رکن ممالک کا نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سربراہی اجلاس کے موقع پر ایس سی او سیکرٹریٹ سے متعلق دستاویز اور رکن ممالک کے انسداد دہشتگردی کی علاقائی ایگزیکٹو کمیٹی سے متعلق دستاویز پر دستخط کیے گئے۔

واضح رہے کہ پاکستان 27 سال بعد کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں 8 ملکوں کے وزرائے اعظم شریک ہیں۔

اجلاس میں چینی وزیراعظم لی چیانگ، روسی وزیراعظم میخائل مشوستن، ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ اریپوف اور بیلاروس، قازقستان، تاجکستان، منگولیا کے وزرائے اعظم بھی شریک ہیں۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر، ازبک وزیراعظم اور ایرانی وزیرمعدنیات بھی کانفرنس کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ، جے شنکر سے مصافحہ

اجلاس کے آغاز میں وزیراعظم شہباز شریف نے افتتاحی اور اختتام پر اختتامی کلمات ادا کیے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایس سی او کے سیکرٹری جنرل کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کانفرنس کے شرکا کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں