پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان2 ارب ڈالر سے زائد کی 27 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ سعودی عرب کی 2 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مفاہمت ناموں پر دستخط محض آغاز ہے، اس سے نئی سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہوئی ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ اور خاص طور پر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے معاہدے نئی پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کی پاکستان آمد پر انہیں بہت خوشی ہوئی، آپ کا دورہ پاکستان کے عوام کے ساتھ خلوص اور محبت کا حقیقی مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی ہونیوالی تقریب مستقبل میں مزید ایسے مواقع پیدا کرے گی، ہم آنے والے وقتوں میں ان ایم او یوز کو عمل طور پر معاہدوں میں تبدیل کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد عبدالعزیز الفالح نے سعودی معیشت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی یہاں موجودگی سے ہمیں یقین ہے کہ دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں وفد کی ملاقات
شہباز شریف نے کہا حال ہی میں ہم نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایف ایف) سے قرض معاہدہ کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا، اس پروگرام کو حاصل کرنے میں سعودی عرب نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی مدد کے بغیر یہ پروگرام حاصل نہیں کیا جاسکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں اور رواں ماہ ملک میں مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے کم ہو کر 6.9 فیصد پر آگئی ہے، ہماری برآمدات اور ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کی پاکستان آمد پر انہیں بہت خوشی ہوئی، آپ کا دورہ پاکستان کے عوام کے ساتھ خلوص اور محبت کا حقیقی مظہر ہے۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کان کنی، زراعت، فوڈ سیکیورٹی، اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا او دستخط ہونے والے 27 مفاہمت نامے اس سفر کا محض آغاز ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے ملاقات کی، اور وزیراعظم نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

