ریاست کے ستونوں نے بھی ریاست کیساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، نواز شریف

Nawaz Sharif

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کے ستونوں نے بھی ریاست کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا ہے۔ جھوٹ کی سیاست اور خدمت کی سیاست میں فرق ہوتا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے اپنا گھر اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے اگر اس ملک میں کام کیا جاتا۔ اور کام کرنے دیا جاتا اور عوام کے نمائندوں کی حکومت کو کام کرنے دیا جاتا تو آج اس ملک میں کوئی شخص بے گھر نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جس سلسلے کا آغاز ہم نے 1990 میں کیا تھا اگر وہ جاری رہتا تو آج پاکستان اتنا خوشحال ملک ہوتا۔ کہ دنیا رشک سے اس ملک کی طرف دیکھ رہی ہوتی۔ ہماری بدقسمتی سے ہم چار قدم آگے جاتے ہیں تو آٹھ قدم پیچھے چلے جاتے ہیں۔ ن لیگ کا دور دیکھیں اور بتائیں ایسی کونسی حکومت یا جماعت ہے جس نے پاکستان میں اتنا کام کیا ہو جتنا پاکستان ن لیگ نے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شناختی کارڈ اور زمین کا کاغذ دکھا دیں اور قرض لےجائیں، مریم نواز

نواز شریف نے کہا کہ آپ مقابلہ اور موازنہ کریں۔ موٹروے ن لیگ کے دور میں بنی اور معاشی استحکام ہمارے دور میں آیا۔ روپیہ مستحکم رہا اور 4 سال تک ڈالر 104 پر باندھ کر رکھا۔ بدترین لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ن لیگ نے ختم کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ایٹمی قوت ہم نے بنایا اور اورنج لائن کا منصوبہ بھی دیا۔ شہباز شریف ملک کو اس گرداب سے نکالنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ہم آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہتے ہیں لیکن ہمارے مخالفین آئی ایم ایف کو پھر پاکستان لے آتے ہیں۔


متعلقہ خبریں