ملائیشیا کے وزیر اعظم 3 روزہ دورے پر 2 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے


ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انورابراہیم 2 سے 4 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، دورے کے دوران معزز مہمان پاکستانی وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے پیر کو اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ ملائشیا کے وزیر اعظم پاکستان کا دورہ وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر کر رہے ہیں، ان کے ہمراہ وزراء، نائب وزرا اور سینیئرز پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم 2 اکتوبر کو پاکستان آئینگے

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ ملائشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کریں گے اور متنوع شعبوں میں پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے وسیع ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ان شعبوں میں تجارت، رابطوں، توانائی، زراعت، حلال صنعت، سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور عوامی سطح کے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فریقین علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت کریں گے، پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تاریخ، ثقافت اور عقیدے میں جڑے مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں، یہ دورہ پاک ملائیشیا تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں