بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ، عدالت نےفواد چودھری کو بری کر دیا

فواد چوہدری

اسلام آباد کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں فواد چودھری کو بری کردیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا،فواد چودھری پر الیکشن کمیشن کو منشی کہنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وزیراعلی پنجاب پر طنز کرتے ہوئے کہاہے کہ آپ نے وزارت اعلی کیلئے اپنے والد کی 50 سال کی سیاست تباہ کردی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں فواد چوہدری نے وزیر اعلی پنجاب کے ایک بیان کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ایک شادی کی تقریب میں جی ٹی روڈ کے بہت سے زعما سے گفتگو کا موقع ملا جہاں سب کا اتفاق رائے تھا کہ اگلے انتخابات میں اٹک سے فیصل آباد اور لاہور تک ن لیگ کا ٹکٹ لینے والا نہیں ملے گا۔

انہوں نے مریم نواز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے وزارت اعلی کیلئے اپنے والد کی پچاس سال کی سیاست تباہ کردی، اب ن لیگ بطور جماعت آخری سانس لے رہی ہے، یہ کوئی اچھی صورتحال نہیں، اس کامطلب یہ ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف تو مکمل اکثریت سے جیتے گی لیکن اس کے علاوہ شدت پسند جماعتیں بھی اپنا ووٹ بینک بڑھا سکتی ہیں۔

فواد چوہدری کا یہ ردعمل وزیراعلی پنجاب کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں ایک نوجوان جس کو میرٹ پر نوکری ملی ہے اس نے مجھے روک کر کہا کہ اگلا ووٹ وہ مسلم لیگ ن کو دے گا۔

نوجوانوں کو احساس ہو رہا ہے کہ کس نے ان کو گھیراؤ جلاؤ اور گالی کی ترغیب دے کر ان کا اور پاکستان کا ناقابلِ تلافی نقصان کیا اور کون ان کو بہتر مستقبل دینے کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔


متعلقہ خبریں