نیویارک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ طاقت کے غیر قانونی استعمال کو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے۔ اسرائیل پر ہتھیاروں کی فراہمی سمیت دیگر پابندیاں لگائی جائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے لیڈر شپ فارپیس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ، یورپ اور دیگر خطوں میں جنگوں سے عالمی نظام کو خطرہ ہے۔ اسرائیل کو مشرق وسطیٰ میں جنگ پھیلانے سے روکا جائے۔
بیروت میں اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر ہتھیاروں کی فراہمی سمیت دیگر پابندیاں لگائی جائیں۔ اسرائیل کو اس کے جرم پر جواب دہ بنانا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے شہریوں کو لبنان کے سفر سے روک دیا
شہباز شریف نے کہا کہ طاقت کے غیر قانونی استعمال کو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے۔ تنازعات کو حل نہ کرنے سے ہمارا مستقبل تاریک ہو سکتا ہے۔
مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونے سے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سلامتی کونسل افغانستان سے داعش اور فتنہ الخوارج کی دہشتگردی پر توجہ دے۔