آرمی چیف کا جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ


آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشتگردی کی جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وانا میں کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔ وانا آمد پر آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف کو ترقیاتی اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسران اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کی اور خطرات کا مقابلہ کرنے کےلیے جوانوں کی تیاری اور غیرمعمولی حوصلے کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے دشمن قوتوں اور انکے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کےلیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، انتشار، مایوسی پھیلانے والوں کو شکست دیں گے، آرمی چیف

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مدد فراہم کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج بالخصوص کے پی پولیس کو ان کی استعداد کار بڑھانے کےلیے مستقل مدد اور تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی۔

آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈیویلپمنٹ پلان کے تحت امن برقرار رکھنے اور عوام کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔

جنرل عاصم منیر نے مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں خیبر پختونخوا کے عوام کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔

آرمی چیف نے صوبے کے عوام کی خوشحالی و ترقی کےلیے اپنے وسائل بروئے کار لانے کےلیے پاک فوج کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عمائدین کی حمایت اور پاک فوج کی غیرمتزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں