اسلام آباد: نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کا جشن ولادت 12 ربیع الاول کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس دن کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا۔
جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر کے گلی، محلوں اور بازاروں کو۔ خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ۔ جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
عاشقان رسول نے خانہ کعبہ اور مسجد نبویﷺ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کیا۔ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی گئیں۔ جبکہ سیرت النبیﷺ کانفرنسز اور سیمینارز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں نبی کریم حضرت محمد ﷺکی سیرت اور اسلام کی سر بلندی کے لیے کی جانے والی عظیم کوششوں کو موضوع بنایا گیا۔
عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر میں جلوس نکالے گئے۔ جس میں شرکاء سارے راستے درود پاک پڑھتے رہے۔ جشن عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیاگیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: کم عمر،بغیر لائسنس موٹر سائیکل گاڑی چلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری
علما کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیﷺ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے۔ کہ آپﷺ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے۔ بلکہ آپﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔
پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 12ربیع الاول کی مناسبت سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں عیدمیلادالنبیﷺ کی تقریبات کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ کی تقریبات کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی جبکہ شر پسندوں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔