پاکستان کے عالمی بانڈز کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان

عالمی بانڈز

آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پیکیج پر غور کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان کے عالمی بانڈز کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے 25 ستمبر کو پاکستان کو پیکیج جاری کرنے کے معاملے پر غور کرنے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے جاری کردہ سکوک اور یوروبانڈز کی قیمت میں تیزی آگئی ہے۔

ٹاپ لائن ریسرچ نے اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں کہا کہ گزشتہ ہفتے کی نسبت 13 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کو ساوورن بانڈز کی قیمت 2 سینٹ سے 19 سینٹ تک بڑھی ہیں، اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کے لئے قرض پروگرام میں تاخیر کی وجہ سے کچھ بانڈز کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی اور کچھ کی قیمت منجمد رہی تھیں،لیکن آئی ایم ایف کے اعلان کے بعد اب بہتری کے آثار نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان سے مودی کی پالیسی اپنانے کا مشورہ

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے 800 ملین ڈالر کے 30 سالہ عالمی بانڈ جو اپریل 2051 میں میچیور ہوں گے، کی قیمت میں 19 سینٹ فی یونٹ بڑھ کر 77 سینٹ فی یونٹ ہوگئی، 30 سال کی مدت کے ایک اور بانڈ جو مارچ 2036 میں میچیور ہونگے کی قیمت 18 سینٹ اضافے کے ساتھ 75.7 سینٹ فی یونٹ ہوگئی۔

10 سالہ مدت کے 500 ملین ڈالر کے بانڈز جو ستمبر 2025 میں میچیور ہونگے، کی قیمت 2 سینٹ کے اضافے سے 97.3 سینٹ فی یونٹ ہوگئی ہے۔اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے ریسرچ ہیڈ سعد حنیف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لئے قرض پیکیج پر غور کرنے کے اعلان کے بعد پاکستانی معیشت پر چھائی بے یقینی کی فضا چھٹ گئی ہے، جس کی وجہ سے پاکستانی بانڈز کی قیمت میں تیزی آئی ہے۔

ریسرچ ہیڈ عارف حبیب لمیٹڈ، طاہر عباس نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اعلان کے بعد عالمی مالیاتی اداروں اور دیگر ذرائع کا اعتماد بحال ہوا ہے اور آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری کے بعد پاکستان دیگر ذرائع سے بھی قرض حاصل کرنے کے قابل ہوجائے گا، جس سے مقامی مارکیٹ میں ڈالر کی سپلائی بڑھ جائے گی، اس طرح عالمی سرمایہ کاروں کی پاکستان کے جاری کردہ بانڈز میں دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں