راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ آئین کی حکمرانی ہو گی تو بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں گے۔ آج کا جلسہ پرامن ہوگا۔ یہ ملک بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی حکمرانی ہو گی تو سب کے لیے قانون برابر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا صوابی کا جلسہ تاریخی تھا۔ 8 ستمبر کے جلسے میں شرکت کے لیے کے پی، پنجاب، گلگت بلتستان اور سندھ سے قافلے جلسے میں شرکت کے لیے نکل چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کو اسرائیلی مفادات کے تحفظ کیلئے لیڈر بنایا گیا، طلال چوہدری
علی محمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا آج کا جلسہ پرامن ہو گا اور پرامن رہنا ہے۔ کسی کے اشتعال میں نہیں آنا۔ 8 ستمبرکے جلسے سے بانی پی ٹی آئی کی بہت توقعات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کی خاطر ہمارا ہر ووٹر اور سپورٹر فرنٹ لائن کا سپاہی ہے اور فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہمارا سیاسی اختلاف اصولی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاست میں اداروں کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ عام انتخابات میں ڈاکہ ڈالا گیا اور ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔ 8 فروری کو ملک کے بچوں کے مستقبل پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔