سعودی عرب میں گرج چمک کے ساتھ مزید موسلا دھار بارشوں کا امکان

سعودی عرب

محکمہ شہری دفاع نے سعودی عرب میں گرج چمک کے ساتھ مزید موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ روز مکہ مکرمہ میں بارش کے باعث سیلابی ریلے میں 4 بہن بھائی بہہ گئے، سیلابی پانی میں 3 بچے ڈوب کر جاں بحق جبکہ ایک لاپتہ ہے۔ سعودی ریسکیو حکام کے مطابق مکہ مکرمہ کے المغمس کے علاقے میں چاروں بچے گاڑی میں تھے۔

سعودی ریسکیو حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی حکام اور امدادی ٹیمیں لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، دوسری جانب محکمہ شہری دفاع نے عوام کو محفوظ مقامات پر رہنے، سیلابی مراکز، وادیوں اور نشیبی مقامات کی طرف جانے سے روک دیا ہے۔

مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع نے اتوار تک مملکت کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ شہری دفاع نے اپنے بیان میں عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کہا ہے اس کے علاوہ محفوظ مقامات پر رہنے، سیلابی مراکز، وادیوں اور نشیبی مقامات کی طرف جانے سے منع کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مملکت میں ہونے والی تیز بارشوں کے دوران میڈیا اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن طوفانی بارش، ژالہ باری اور گردوغبار کے ساتھ تیز ہواؤں سے متاثر ہوگا۔

مکہ مکرمہ، طائف میسان، اضم، العرضیات، الکامل، الجموم، بحرہ، اللیث اور دیگر علاقوں میں شدید بارشیں ہوں گی، مدینہ منورہ، عسیر، الباحہ، نجران اور جازان کے علاوہ حائل، حدود الشمالیہ، الجوف، قصیم اور الاحسا میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں