وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی تاریخ کا یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہونا چاہیے، مہنگائی کا بوجھ کم ہورہا ہے، یہ مشکل سفر ہے، ناممکن نہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، ہمیں معیشت میں استحکام اور بہتری لانی ہے۔ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری ہوجائیں گی، کوشش ہوگی کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی 10 فیصد سے نیچے آگئی ہے، پچھلے سال رواں ماہ مہنگائی 27 فیصد تھی۔ اخراجات کم کرنے کی کوشش میں تیزی لانی ہے، مہنگائی میں کمی کا کریڈٹ ٹیم کو جاتا ہے۔
وزیراعظم جلد نیشنل ایجنڈے کا اعلان کریں گے، احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ سفر طویل ہے، ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہے، اللّٰہ پر بھروسہ ہے ہم اپنی منزل پر پہنچیں گے۔ ہمیں اسمگلنگ کا خاتمہ کرنا ہے، ہمارا ملک معدنی وسائل سے مالا مال ہے، قوموں نے دن رات ایک کر کے حالات بدلے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے، اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔